مفرور خاندان کی واپسی کا وقت ہو گیا: اسمبلیاں اسی ماہ تحلیل ہونگی: مسرت جمشید
لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شریف خاندان پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آل شریف کے مفرور خاندان کی واپسی کا وقت ہو گیا ہے۔ مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھاکہ اب ان کو ضمانتیں بھی ملیں گی اور نیب کیسز بھی ختم ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان سے پاکستان کا لوٹا ہوا مال ہر صورت واپس دلائیں گے۔ اسمبلیاں دسمبر میں ہی تحلیل ہونگی‘ عمران خان نے حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تاریخ 50 سال سے پاکستان کو لوٹنے والوں کو این آر او 2 دینے والوں کو نہ کبھی بھولے گی اور نہ ہی کبھی معاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز کی آمد پر باپ پھولوں کے ہار ایسے پہنا رہا ہے جیسے بیٹا غزوہ ہند لڑ کے آیا ہے۔ اس وقت عوام عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔