سوشل میڈیا کی وجہ سے اردن کا شہری 43 سال بعد ماں کے پاس پہنچ گیا
قاہرہ(نیٹ نیوز) کم عمری میں والدین سے بچھڑنے والے اردن کے شہری کی سوشل میڈیا کی وجہ سے 43 سال بعد اپنی مصری ماں سے ملاقات ہوگئی۔اردنی شہری وسام نے اپنی ماں ریڈا محمد الکورانی کی تلاش کیلئے فیس بک کا سہرا لیا اور صارفین سے اپیل کی وہ اْس کی والدہ کو تلاش کرنے میں مدد کریں۔ وسام نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنی ماں کے نام پیغام لکھا ’آپ کا بیٹا زندہ ہے اور آپ کو تلاش کررہا ہے‘۔ پوسٹ کے بعد مصر اور اردن کے شہری متحرک ہوئے اور پھر 43 سال بعد دونوں کی ملاقات ہوگئی۔ بیٹے سے ملاقات کے بعد خاتون ریڈا محمد الکورنی نے لکھا ’بیٹے کو دیکھنے کے بعد میری نئی زندگی کی شروعات ہوگئی، مجھے بہت خوشی ہے اللہ نے ہمیں ملوا دیا‘۔ ماں اور بیٹا 43 سال بعد ملاقات پر جذباتی ہوئے اور دونوں ایک دوسرے سے گلے لگ کر کافی دیر تک روتے رہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے وسام نے شہرت کے لیے یہ سارا جھوٹا ڈرامہ رچایا جس میں اْس کی والدہ بھی ملوث ہے۔