• news

تحریک انصاف کی ریلیاں جاری‘ لاہور میں باغبانپورہ سے داروغہ والا تک احتجاج

لاہور‘ فیصل آباد‘ گجرات‘ پاکپتن (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+نامہ نگاران) عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیاں نکالی گئیں۔ شمالی لاہور سے پی ٹی آئی رہنما و سربراہ انصاف فورس میاں عباد فاروق کی قیادت میں"الیکشن کراؤ ملک بچاؤ"بڑی ریلی " نکالی گئی۔ ریلی میں پرجوش نوجوان کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کارکن موٹر سائیکل، کار اور بھگیوں،گھوڑوں پر سوار ہوکر ریلی میں شرکت کی۔ ریلی میں گھوڑوں کا رقص بھی کرایا گیا۔ ریلی جی ٹی روڈ لاہور باغبانپورہ سے درواغہ والا تک نکالی گئی۔ الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کے نعرے لگائے گئے۔ حلقہ پی پی 158سے میاں اکرم عثمان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، ریلی جیل روڑ پی ٹی آئی آفس سے شروع ہوکر ظفر علی روڈ، مال روڈ، زمان پارک، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، کوئین میری کالج، علامہ اقبال روڈ، دھرمپورہ، صدر گول چکر، جوڑے پْل، دھرمپورہ چوک، کنال، ظہور الہی روڈ سے ہوتی ہوئی مین مارکیٹ میں اختتام پذیر ہوگی۔ گجرات میں ایم پی اے سلیم سرور جوڑا کی قیادت میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلی پی ٹی آئی ضلعی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی۔ ریلی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے مہنگائی کے پیش نظر گلے میں روٹیاں ڈال کر شدید احتجاج کرتے ہوئے پی ڈی ایم حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ پاکپتن ریلی کی قیادت پی ٹی آئی رہنما رائو عمر ہاشم خان کر رہے ہیں۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راؤ عمر ہاشم خان نے کہا کہ نوجوانوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کاروباری عدم استحکام کا واحد حل الیکشن قرار دے دیا ہے۔  ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چوہدری اشفاق کی قیادت میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز کاٹن فیکٹری سے کیا گیا جو شہباز چوک میں جاکر اختتام پذیر ہوئی۔  گجرات سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے زیر اہتمام الیکشن کرائو ملک بچائوریلی نکالی گئی۔ ریلی ضلعی سیکرٹریٹ سے ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا کی قیادت میں نکالی گئی۔  شرکاء ریلی کا سول سوسائٹی کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے استقبال کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سلیم سرو رجوڑا نے کہا کہ پی ڈی ایم فوری الیکشن کروانے سے خوفزدہ ہو چکی ہے، انہیں حقیقت کا ادراک ہے کہ عوام کا اعتماد وہ مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی کال پر ماموں کانجن میں بھی تحریک انصاف کے زیر اہتمام تحریک انصاف کے رہنماوؤں احسن ریاض فتیانہ، میاں اعجاز سنوری، ذوالفقار وٹو اور نور شاہد نور کی قیادت میں الیکش کراؤ ملک بچاؤ دو الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن