• news

یوکرائن کی بندرگاہ پر روسی حملے ، توانائی تنصیبات تباہ ، 15 لاکھ شہری بجلی سے محروم 

انقرہ‘ کیف (نوائے وقت رپورٹ) ترک صدر رجب طیب اردگان نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ ترک ایوان صدر کے مطابق ترک اور روسی صدور نے بحیرہ اسود کی اناج راہداری سے برآمدات پر بات چیت کی۔ ترک روس باہمی تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر بھی گفتگو کی گئی۔ دریں اثناء روس کی جانب سے یوکرائن کی بندرگاہ اوڈیسہ میں دو توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد 15 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق روس نے توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ایرانی ساختہ ڈرون استعمال کیے ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس دعویٰ کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ اوڈیسہ کے علاقے میں صورتحال بہت مشکل ہے۔ بدقسمتی سے بجلی بحال کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ بدقسمتی سے اس میں گھنٹے نہیں بلکہ چند دن لگیں گے۔ اکتوبر سے ماسکو نے یوکرائن کے توانائی کے بنیادی ڈھانچوں کو میزائلوں اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ ناروے یوکرائن کے توانائی کے نظام کو بحال کرنے میں مدد کے لیے 100 ملین ڈالر بھیج رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن