• news

ساجد میر نے ’’تحفظ ناموس  قرآن‘‘ تحریک چلانے کا اعلان کر دیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے چناب نگر میں قرآن پاک کے تقدس کی پامالی کے خلاف’’ تحفظ ناموس قرآن‘‘ تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاقے چناب نگر میں قادیانیوں کا قرآن کی آیات کے غلط ترجمہ کو چھاپنے اور ملک و بیرون ملک تقسیم کرنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لانا ہو گا۔ پارلیمنٹ میں اس شرمناک واقعہ کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیراہتمام الفیصل اسلامک سنٹر جوہر ٹائون میں قرآن کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ اس شرمناک اور شرپسند اقدام کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومت کے آگاہ ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کے اس واقع کو سنجیدہ لیا جائے اور کارروائی کی جائے۔ کنونشن سے ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی، ڈاکٹر حماد لکھوی، حافظ معتصم الٰہی ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، قاری نعمان مختار لکھوی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ آخر میں حفاظ بچوں میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن