طالبان اور ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ : ایڈیشنل آئی جی خیبر پی کے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایڈیشنل آئی جی خیبر پی کے محمد علی بابا خیل نے کہا ہے کہ افغان طالبان اور کالعدم ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ خیبر پی کے میں امن و سکیورٹی کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک 115 پولیس اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ پولیس پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پولیس اپنا کام کررہی ہے۔ بلوچستان میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کی حالیہ لہر دیکھنے میں آئی ہے، ہمیں قومی سلامتی کے تناظر میں 18ویں ترمیم پر دوبارہ سوچنا ہو گا۔ ہم نے دیکھا کہ ٹی ٹی پی کی ازسرنو تشکیل کی گئی، پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ایسے عناصرکے حمایتیوں کو قابو کرنا ہے۔ محمد علی بابا خیل نے کہا کہ امریکا افغانستان میں 7 ارب ڈالر کا فوجی ساز و سامان چھوڑ گیا ہے۔ دہشتگردی کی حالیہ وارداتوں میں وہی جدید سامان استعمال کیا گیا ہے۔