عمران زکوة کا پیسہ چوری کرتے پکڑے گئے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروںکو چور کہنے والا عمران خان خود زکوٰة کا پیسہ چوری کرتا پکڑا گیا ہے۔ عمران خان ذہنی مریض بن چکا ہے۔ ملک کو آگ، وفاق کی اکائیوں کو تقسیم اور ملک کے کئی ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔ عمران خان سیاسی مخالفین پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات عدالت میں ثابت نہ کر سکے۔ عمران خان نے ڈیلی میل میں پلانٹڈ سٹوری چھپوائی۔ عمران نیازی کی الزام تراشیوں سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے شریف فیملی کو کلین چٹ دی۔ عمران خان لندن ہائی کورٹ میں بھی الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ ڈیلی میل نے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔ ڈیلی میل کے معافی مانگنے سے ہر پاکستانی کی عزت میں اضافہ ہوا۔ نواز شریف کی حکومت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔ عمران نیازی نے ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچایا۔ وہ پیر کی شام پارلیمنٹ ہاﺅس میں اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہیں تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزادی اظہار رائے سب کا حق ہے لیکن اس اظہار رائے کے ذریعے کسی پر حملہ آور نہیں ہونا چاہیے ، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر سے میرا ایک اچھا تعلق ہے، وہ خاتون ہونے کے ناطے نہیں بلکہ اپنی مہارت کی بنیاد پر وہ اس عہدے پر بیٹھی ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ بھری پڑی ہوئی ہے کہ کس طر ح خواتین نے جمہوریت اور ملکی ترقی کے لئے خدمات سرانجام دیں۔ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم کلثوم نواز اور میری خالہ نجمہ حمید کی بھی ملکی ترقی کے لئے بے پناہ خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حنا ربانی کھر کی کامیابی تمام خواتین کے لئے باعث فخر ہے۔ اچھے کام پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ ملکی مجموعی آبادی کا 50فیصد خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی وزراءاطلاعات کانفرنس میں 48ممبر ممالک میں، میں واحد خاتون وزیر اطلاعات تھی۔ بات جنس کی نہیں بلکہ قابلیت کی ہوتی ہے۔ حنا ربانی کھر طالبان کی میز پر بیٹھ کر بات کرتی ہیں تو یہ ہم سب کے لئے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018سے 2022 تک اپوزیشن کے تمام لوگ جیلوں میں تھے۔ عمران خان کی جیل بھرو مہم کا فوکس تمام مخالفین تھے۔ اس شخص نے نہ کسی خاتون، بیٹی، بہن یا ماں تک کا خیال نہ کیا سب کو جیلوں میں رکھا۔ مزید براں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک پاگل ملک میں فساد، انتشار اور افراتفری چاہتا ہے تاکہ ملک میں معاشی استحکام نہ آ سکے۔ عمران صاحب "امپائر" تو نیوٹرل ہوتے ہیں جنہیں آپ جانور کہتے ہیں۔ حالات ملک کے نہیں عمران خان کے بہت خراب ہیں کیونکہ بیساکھیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ آپ کو حیرت اس لئے ہے کیونکہ ادارے آپ کی گھٹیا سیاست کا حصہ نہیں بن رہے۔
مریم اورنگزیب