دورہ بھارت میں انسانی حقوق کارکنوں کے تحفظ،شہری آزادیوں کی ضمانت پر زور دیا:گوتریس
نیو یارک (اے پی پی+ این این آئی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت اور ویتنام کے اپنے حالیہ دوروں کے دوران عوامی سطح پر شہری آزادیوں کی ضمانت اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی کارکنوں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتونیو گوتریس نے مونٹریال میں کوپ۔15بائیو ڈائیورسٹی کانفرنس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ایک اہم پیغام جو مجھے واضح طور پر ملا اور میں نے بھی واضح طور پر پہنچانے کی کوشش کی کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے انسانی حقوق سب کا مرکزی نکتہ ہونا چاہیے اور ایک پہلو جو مجھے زیادہ پریشان کرتا ہے وہ عام طور پر انسانی حقوق کے محافظوں پر ظلم و ستم ہے لیکن اس میں ماحولیاتی کارکن بھی شامل ہیں۔ وہ حکومتوں کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے لئے مظاہروں پر کریک ڈاﺅن کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ میں نے بھارت اور ویتنام میں عوامی طور پر اس اہمیت پر زور دیا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور ماحولیاتی کارکنوں کے لئے نہ صرف شہری آزادیوں بلکہ انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی جائے کیونکہ وہ انتہائی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہوں اور ہم جانتے ہیں کہ ان میں سے کچھ جیلوں میں ہیں، ان میں سے کچھ کو دھمکیاں دی گئی ہیں اور یہاں تک کہ کچھ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
گوتریس