پی ایس کیو سی اے نے 7مزیدغیر قانونی سٹیل ملیں بندکروادیں
لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعظم ہاؤس سے ہدایات ملنے کے بعدوفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور سیکرٹری غلام محمد میمن کے حکم پرپاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا سٹیل ملوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری،مزید7غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیں بند کروا دی گئیں۔سینکڑوں ٹن سریا اور سٹیل کی دیگر مصنوعات کی بھاری مقدار بھی ضبط کر لی گئی جبکہ 2فیکٹریوں کو نوٹس بھی جاری کردئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کی تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے نئے ہفتے کا آغاز ہوتے ہی کمر کس لی اور صوبائی دارالحکومت کے علاقوں کرول گھاٹی، لکھو ڈیر،بند روڈ اور محمود بوٹی میں چھاپے مار کر مزید7غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیں بند کروا دیں جبکہ گوجرانوالہ کی ٹیم نے 18غیر قانونی ملوں اور ایسے برانڈز کی مصنوعات فروخت کرنیوالے سٹورز کو بھی بذریعہ نوٹس وارننگ دیدی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کا کہنا ہے تمام سٹیل ملوں کو چاہئے کہ قانونی کارروائی فوری طور پر لائسنس کیلئے درخواستیں جمع کروا دیں۔انکا کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے حکومتی پالیسی ’’کاروبار میں آسانی‘‘ پر عملدرآمد کرتے ہوئے انڈسٹری کی ہرممکن تکنیکی رہنمائی کرے گا اور ان کی مصنوعات کو نیشنل و انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنانے میں کردار ادا کرے گا۔ واضح رہے کہ پی ایس کیو سی اے اب تک 22غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملوں کیخلاف ایکشن لے چکا ہے اور ان میں سے کئی نے لائسنس کیلئے درخواستیں بھی جمع کروادیں ہیں۔