کمشنر لاہور کاآٹو مارکیٹ دورہ مرمت و بحالی کے کام کا جائزہ
لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور محمد عامر جان نے آٹو مارکیٹ میں مرمت و بحالی کے کام کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے آٹو مارکیٹ کی اندرونی سڑک کی تعمیر اور سیوریج کے کام کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے مارکیٹ سڑک کی مکمل بحالی کیلئے 15دن کی ڈیڈلائن دے دی۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پوری سڑک کو اکھاڑ کر نئی تعمیر کی جارہی ہے۔ سڑک اونچی نہیں ہوگی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیاکہ آٹو مارکیٹ میں ٹریفک بہاو کیلئے ٹیپا ٹریفک انجینئرنگ پلان ترتیب دے رہی ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ سڑک کی بحالی کیلئے تھڑوں کو ختم کیا جائے۔ دن کے وقت بھی کام کو جاری رکھا جائے۔ مارکیٹس سے تجاوزات خاتمہ اور ٹریفک بہاو سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ کمشنر لاہور نے مارکیٹ کے کھلنے سے قبل پیدل چل کر ترقیاتی کاموں کو چیک کیا۔