ملتان ٹیسٹ میں سعود شکیل کے آئوٹ پر سوالات اٹھنے لگے
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بیٹر سعود شکیل کو تھرڈ امپائر کی جانب سے آئوٹ قرار دئیے جانے کے فیصلے پر سوالات اٹھنے لگے ۔ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے سے پہلے آخری اوور میں سعود شکیل 94رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مارک ووڈ کی ایک گیند سعود شکیل کے بیٹ کو چھوتی ہوئی وکٹوں کے پیچھے گئی جسے اولی پوپ نے ڈائیو لگاتے ہوئے کیچ کر لیا۔انگلش بالر، وکٹ کیپر اور دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے کیچ آئوٹ کی اپیل کی گئی تاہم امپائر علیم ڈار نے فیصلہ تھرڈ امپائر پر چھوڑ دیا، تھرڈ امپائر نے کئی بار ویڈیو کو غور سے دیکھنے کے بعد سعود شکیل کو آئوٹ قرار دیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے سعود شکیل کے آئوٹ کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھرڈ امپائر کا فیصلہ میرے لیے حیران کن تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں وقار یونس نے کہا کہ میرے خیال میں گیند زمین پر لگ گئی تھی۔مجھے نہیں معلوم کہ تھرڈ امپائر نے ری پلے میں کیا دیکھا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ کرکٹ کے اصول اور روایت یہ ہے کہ اگر امپائر فیصلہ نہ کر پائے تو اس کا فائدہ بیٹسمین کو جاتا ہے۔پاکستان کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے بھی سوشل میڈیا پر اس کی تصویر لگا کر امپائرنگ پر سوال اٹھا دیا۔پاکستان کے وکٹ کیپر کامران اکمل نے بھی سعود شکیل کو آئوٹ قرار دئیے جانے کے فیصلے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ میرے خیال سے یہ آٹ نہیں تھا۔
سعود شکیل کو آئوٹ قرار دئیے جانے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر اسے متنازع کیچ قرار دیکر کہا گیا کہ شک کا فائدہ بیٹر کو جانا چاہیے تھا۔معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا اولی پوپ نے کلین کیچ لیا؟۔خیال رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو26 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سریز میں واضح برتری حاصل کر لی ہے۔