سانحہ ماڈل ٹاؤن، دوسری جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج پھر ہو گی
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری جے آئی ٹی کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج بروز منگل تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس سید شہباز رضوی، جسٹس مرزا وقاص رؤف، جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس طارق سلیم پر مشتمل لارجر بنچ نے پولیس انسپکٹر رضوان قادر اور کانسٹیبل خرم رفیق کی درخواستوں پر سماعت کی۔ سوموار کے روز بھی درخواست گزار کے وکیل فرہاد علی شاہ نے اپنے دلائل پیش کیے اور عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں دو ایف آئی آر درج ہوئیں ہیں۔ ایک پولیس کی مدعیت میں اور دوسری جواد حامد کی مدعیت میں سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ اگر چالان پیش ہوجائے تو دوبارہ تفتیش نہیں ہو سکتی ہے۔ ملزموں پر فرد جرم لگ گئی، شہادتیں قلمبند ہو گئی ایسے میں دوسری جے آئی ٹی کا جواز نہیں تھا۔ قانون کے برعکس دوسری جے آئی ٹی نہیں بن سکتی ہے۔ ہمیں موقع دئیے بغیر دوسری جے آئی ٹی بنا دی گئی، عدالت نئی جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔