معیشت‘ ساکھ کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری انتخابات ملک و ملت کی ضرورت: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقبولیت ایک حقیقت ہے جس کو جھٹلانا روزِ روشن کو رات قرار دینے کے مترادف ہے۔ وہ تحریک انصاف شیخوپورہ کے معروف رہنما اور آئندہ انتخابی امیدوار رانا وحید احمد خاں کی رہائش گاہ پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما رانا اکرم، مرزا بلال، مولانا ڈاکٹر ابوبکر صدیق، ڈاکٹر ابرار احمد اور شیخ محمد صدیق بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ کوئی مانے یا نہ مانے اس وقت پاکستانی عوام کی واضح اکثریت عمران خان اور انکے موقف کے ساتھ ہے اور اس بات کا واضح فیصلہ چاروں صوبوں کے عوام ضمنی انتخابات میں دے چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکمران انتخابات سے راہ فرار کے بہانے تلاش کر رہے ہیں۔ حالانکہ ملکی معیشت اور ساکھ کو تباہی سے بچانے کے لئے فوری انتخابات ملک و ملت کی شدید ضرورت ہے۔ مگر یہ لوگ اپنی کرسی اور کرپشن بچانے کے لئے پاکستان اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔