• news

کوہستان کو 10ہزار میگا واٹ کی سستی بجلی کی منظوری دی ہے ، امیر مقام

اسلام آاباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے واپڈا کے ساتھ کوہستان جرگہ کے حتمی معاہدے پر دستخط کی تقریب کی صدارت کی۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سب سے بڑھ کر کوہستان کو 10ہزار میگا واٹ کی سستی بجلی کی منظوری دی، انہوں نے کہا کہ کوہستان جرگہ کے عمائدین اور بالخصوص چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس دیرینہ مسئلے پر بات چیت کے لیے ان پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان کے لوگ زیادہ مستحق ہیں اور امن کے لیے ان کی کوششیں بھی شاندار ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرنے پر واپڈا کے تمام افسران کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوہستان کے عوام اور واپڈا آج کے معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے اس سنگ میل پر کوہستان کے عوام کو مبارکباد دی۔ اس سے قبل انجینئر امیر مقام نے گزشتہ ایک سال سے اس مسئلے پر بات چیت کی اور جرگہ ممبران اور واپڈا حکام سے کئی ملاقاتیں کیں۔ عمائدین اور جرگہ کے اراکین نے انجینئر امیر مقام کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور چیئرمین واپڈا کے عزم کو بھی سراہا جنہوں نے کہا کہ جن مطالبات پر اتفاق کیا گیا ہے ان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، چیئرمین واپڈا، کوہستان جرگہ کے اراکین اور واپڈا کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تمام جرگہ ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان کے تینوں اضلاع میں دس میگاواٹ کا پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جرگے کے مطالبات پر خلوص دل سے متفق ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کوہستان کے عوام کا مستقبل ہم سے جڑا ہوا ہے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ اس حوالے سے منظوری اور اعلان پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے بھی مشکور ہیں۔ انہوں نے چیئرمین واپڈا کو بھی اس سلسلے میں شاندار کردار ادا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان کے لوگ محب وطن اور انتہائی محبت کرنے والے فطرت کے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن