سندھ ہائیکورٹ نے اعظم سواتی کو مزید کیسز میں گرفتار کرنے سے روک دیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کی مزید کیسز میں گرفتاریوں کو روکتے ہوئے آئی جی سندھ کو تمام ایف آئی آرز کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس کریم خان آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے اعظم سواتی کے مقدمات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جسٹس کریم خان آغا نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ ہر صوبے میں ایک ہی واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کیسے ہو سکتی ہے؟۔ ہر شہر، ہر ٹاؤن، ہر صوبے میں ایک واقعے کی ایف آئی آر درج ہو رہی ہے۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ اعظم سواتی سے متعلق تمام ایف آئی آرز کا ریکارڈ اور آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ ان ایف آئی آرز کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے اعظم سواتی کے مقدمات سے متعلق سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔