شہباز گل کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا کیس‘ فرد جرم کی کارروائی مؤخر
اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت شہبازگِل وغیرہ کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر ہو گئی۔ ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور، پبلک پراسیکیوٹر پر اعتراضات مسترد کر دیئے گئے۔ پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ جبکہ شہباز گل کی جانب سے کوئی عدالت پیش نہ ہوا۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ دوسری طرف سے کوئی آیا نہیں، آپ نے دلائل شروع کرنے ہیں تو کردیں۔ عدالت نے عماد یوسف سے استفسار کیا کہ آپ کے وکیل کہاں ہیں؟، جس پر عماد یوسف نے بتایا کہ میرے وکیل ہائیکورٹ ہیں آجاتے ہیں۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ رضوان عباسی آپ پر اعتراض آیا ہے، اعتراض یہ کہ آپ پبلک پراسیکیوٹر اس کیس میں سیٹ کی جانب سے پیش نہیں ہوسکتے، کیا آپ ایسے مقدمات میں ہائیکورٹ بھی پیش ہوتے ہیں، مقدمہ میں دو ملزم نامزد ہیں، دونوں حاضری سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں۔ پراسیکیوٹر رضوان عباسی سے کہاکہ شہباز گل اور عماد یوسف کو حاضری سے استثنی کی مخالفت کرتا ہوں، شہباز گل کی پھر استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے، مجھے اس رپورٹ پر اعتراض ہے، یہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس موقع پر عدالت نے تیسری مرتبہ استفسار کیا کہ کیا شہباز گل کی طرف سے کوئی آیا ہے؟ اس پر عدالت کو بتایاگیاکہ شہباز گل کی جانب سے تاحال کوئی پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر شہباز گل کے وکیل پیش ہوئے اور سپیشل پراسیکیوٹر پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے مقدمات میں آپ سپیشل پراسیکیوٹر تعینات نہیں کر سکتے، وکلاء نے سپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی سے متعلق مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعدازاں عدالت نے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے شہباز گل کے وکیل کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی پر لگائے گئے اعتراضات مسترد کرنے کا حکم سنادیا۔ عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کو آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے فرد جرم کی کارروائی بھی موخر کردی۔