نئی گاڑیاں خرید نے پر پابندی،غیر تر قیاتی اخراجات 50فیصد کم:ون مین شو نہیں پوری ٹیم کو ساتھ لیکر چلتا ہوں:پرویز الہیٰ
لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے صوبے میں سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی پر عملدر آمد کیلئے سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔ پرویز الٰہی نے سرکاری محکموں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد کردی ہے اور وزیراعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری محکموں کے نان ڈویلپمنٹ اخراجات میں 50فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری پالیسی پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ پرویزالٰہی نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ سرکاری اراضی کی تفصیلات 7روز کے اندر وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائیں۔ سرکاری اراضی کو شفاف طریقے سے نیلام کرنے کیلئے جامع پالیسی تیار کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے آو¿ٹ آف باکس اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے ریونیو بڑھانے کیلئے منفرد انداز سے نئے اقدامات متعارف کرائیں۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اہداف کا حصول مقررہ مدت میں یقینی بنانا متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے۔ متعلقہ محکمے ریونیو کے ٹارگٹس کے حصول کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ ریونیو میں اضافے سے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر محمد لطیف نذر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں پر پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔ لطیف نذر نے پرویزالٰہی کو محکمہ معدنیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور عام آدمی کے حالات میں بہتری لانا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جب بھی وزارت اعلیٰ کا منصب دیا، ہمیشہ غریب آدمی کو ریلیف دینے کیلئے خلوص نیت سے کام کیا ہے اور ایسے کام کررہے ہیں جو عوام میرے پہلے دور کی یاد رکھیں گے۔ن لیگ کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی۔ ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔ عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ عمران خان کے ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ ون مین شو کی بجائے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلتا ہوں۔ معیشت مضبوط کرنے کے لئے زمین میں چھپے خزانے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ پرویز الٰہی سے کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی کے لئے 8کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کنیئرڈ کالج فار وومن یونیورسٹی کو نمائش کے انعقادکے لئے بھی پورا سپورٹ کرے گی۔
پرویزالٰہی