• news

دہشت گردی،اسلامموفوبیا بڑے مسائل،علاقائی امن کیلئے کوشاں ہیں بلاول


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈونیشین ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان علاقائی امن و استحکام میں اہم کردار کر رہا ہے۔ پاکستان افغانستان میں استحکام چاہتا ہے۔ شہید بے نظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا بی بی شہید کا وژن تھا۔ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ دہشتگردی اور اسلاموفوبیا آج کے دور کے بڑے مسائل ہیں۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے گزشتہ دنوں افغانستان کا دورہ کیا۔ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔ افغان مسائل کے حل کیلئے اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ٹکٹ ہولڈر فیصل شہزاد گوندل سے ان کے بھائی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔دریں اثناءوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 14 سے 21 دسمبر کے دوران امریکا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران متعدد کثیرالجہتی اور دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 15 اور 16 دسمبر کو نیویارک میں گروپ۔77 وزراءخارجہ پلس چین کی وزارتی کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے جو اقوام متحدہ میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے۔کانفرنس کے ایجنڈے میں ترقی پذیر ممالک کو کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی آفات اور جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول میں درپیش متعدد چیلنجوں پر بحث شامل ہے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ملاقات کریں گے اور 14 دسمبر کو منعقد ہونے والے “بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی: اصلاح شدہ کثیرالجہتی کے لئے نئی سمت” کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اعلیٰ سطحی بحث میں حصہ لیں گے۔ وزیر خارجہ 19 دسمبر کو واشنگٹن جائیں گے جہاں وہ اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام، کانگریس کے رہنماو¿ں، پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور کمیونٹی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور کے میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم تنازعات سے تھک گئے ہیں۔ ہم دوسروں کے تنازعات کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ یو کرائن سے ہمدردی ہے لیکن پاکستان کے اپنے بہت سے داخلی اور علاقائی مسائل ہیں۔ پاکستان جانتا ہے کہ تباہی کیا ہوتی ہے۔ ہم کسی اور طویل جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔ عالمی توجہ افغانستان سے جلدی ہٹ کر یوکرائن پر چلی گئی ہے۔ افغان پناہ گزینوں کی جگہ یوکرائنی پناہ گزینوں اور افغان امداد کی جگہ یوکرائنی امداد نے لے لی ہے۔ چین کے ساتھ ہمارے اشتراک میں بے پناہ معاشی مواقع ہیں۔ سی پیک سے ہمارے مواصلات اور توانائی کے انفراسٹرکچر نے گزشتہ عشرے میں بہت فروغ پایا۔


بلاول 

ای پیپر-دی نیشن