رواں سال مہنگائی کے نئے ریکارڈ،آٹا،دالیں،چکن،پیاز،ٹماٹرمہنگے:ادارہ شماریات
لاہور ( این این آئی) پاکستان میں رواں سال مہنگائی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ آٹا، مرغی، گوشت، انڈے، دالیں، آلو، پیاز، اور ٹماٹر سب کچھ مہنگا ہوا۔ ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں 20کلو آٹے کا تھیلا 800روپے تک مہنگا ہوا۔ زندہ مرغی کا گوشت 110روپے فی کلو تک مہنگا ہوا اور انڈے 100روپے فی درجن تک مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 395روپے تک مہنگا ہوا۔ تازہ دودھ 60روپے فی لٹر، دہی 60 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔ بیف 100روپے اور مٹن 400 روپے فی کلو تک مہنگا ہوا۔ ایک سال میں ٹماٹر کی قیمت میں 110روپے فی کلو تک، پیاز کی قیمت میں 210 روپے فی کلو، آلو 50 روپے جبکہ 2022 میں چائے کا پیکٹ 163 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔ 2022ء میں باسمتی چاول 40روپے فی کلو مہنگے ہوئے، دال مسور 90 روپے، دال مونگ 90روپے فی کلو تک، ایک سال میں دال ماش 125روپے فی کلو تک اور دال چنا 90 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں لہسن 100روپے فی کلو اور نمک کا پیکٹ 15روپے تک مہنگا ہوا ہے۔