توہین الیکشن کمشن کیس عمران‘ اسد عمر‘ فواد3جنوری کو طلب
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) توہین کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران، اسد عمر اور فواد چوہدری کو طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل نے کہا کہ عمران ابھی تک سفر کے قابل نہیں ہوئے، ممبر بلوچستان نے کہا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کہاں ہے؟۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کر دیں گے، سپریم کورٹ میں الیکشن کمشن کی اپیل پر تحریری فیصلہ نہیں آیا۔ مناسب ہوگا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیا جائے، سپریم کورٹ نے ہمارے اعتراضات برقرار رکھے ہیں، ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ عمران خان بیمار ہیں تو باقی لوگ کیوں پیش نہیں ہوئے؟۔ اس پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل انور منصور نے کہا کہ مناسب ہوگا سب کا کیس ایک ساتھ ہی چلایا جائے، لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان اور فواد چوہدری کے شوکاز معطل کر رکھے ہیں۔ وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز آنے دی جائیں، ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ شوکاز نوٹس کمشن کے بینچ نے جاری کیا تھا سیکرٹری نے نہیں۔ وکیل انور منصور نے کہا کہ کمیشن کا آرڈر قانون کے مطابق نہیں ہے، ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ اگر کمشن غلطی کرتا ہے تو ہائی کورٹ سے آپ کو ریلیف مل جائے گا۔ ممبر سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار تو ٹھیک ہے لیکن فریقین پیش کیوں نہیں ہو رہے۔ پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہا ہوں، فواد چوہدری کو بخار اور فلو ہے، پیش نہیں ہوسکتے۔ ممبر سندھ نے کہا کہ توہین کسی کی ذات کی نہیں، کمیشن کی بطور ادارہ ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور تمام افراد، اداروں کے احترام کے پابند ہیں، جو بھی ہونا ہے قانون کے مطابق ہونا ہے، پورا یقین ہے کہ کمشن انصاف کرے گا۔ ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ ہم پر کوئی شک نہ کریں، ہمارا کسی سے عناد نہیں، ممبر پنجاب نے کہا کہ اسد عمر نے عدالت میں معافی مانگی تو یہاں کیوں نہیں آتے؟۔ کمشن میں آ کر بھی کہہ دیں کہ یہ نہیں کہنا چاہتے تھے۔ وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ آپ کا پیغام پہنچا دوں گا۔ ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ ممبر پنجاب کی معذرت والی بات پر غور کریں۔ ممبر پنجاب نے کہا کہ اصل چیز ملک ہے، وہ ہے تو ہم سب ہیں۔ اس کے ساتھ ہی الیکشن کمشن نے آئندہ سماعت پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3جنوری تک ملتوی کردی۔