گوادر میں اقتصادی سرگرمیاں غیر ملکیوںکوراغب کرنے لگیں
گوادر(این این آئی)گوادر میں جاری اقتصادی سرگرمیاں اور زیر تکمیل عالمی معیار کے منصوبے غیر ملکی سفارتکاروں کوراغب کرنے کا ذریعہ بننے لگے ،حالیہ مہینوں میں غیر ملکی سفارتکاروں کے گوادر کے دوروں کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس اور کراچی میں جرمن قونصلیٹ کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے سرمایہ کاری کے متنوع مواقعوں کا جائزہ لینے کے لیے گوادرشہر کا خصوصی دورہ کیا۔گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے غیر ملکی سفارتکاروں کا استقبال کیا اور انہیں گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان 2015-2050کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔ غیر ملکی سفارتکاروں کو انفراسٹرکچر، لاجسٹک پیٹرن، بزنس ڈسٹرکٹ، صنعت اور سیاحت کے حوالے سے ترقی کے مختلف مراحل سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے اگلے سال مکمل ہونے کی امید ہے اور بتایا گیا کہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ کی تکمیل سے جہاں سرمایہ کاروں اور تاجروں کو آسانی اور سہولت میسر آئے گی ۔دوسری جانب مزید ایئر لائنز بھی یہاں کا رخ کریں گی ۔
رائے ونڈ ، درجنوں فیکٹریاں سرکاری مقرر کردہ تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر
رائےونڈ (نمائندہ نوائے وقت)محکمہ محنت کی سرپرستی میں مزدوروں کا معاشی استحصال جاری ہے۔ درجنوں فیکٹریاں سرکاری مقرر کردہ تنخواہیں ادا کرنے سے قاصرہے۔مزدور طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس گیا۔پنجاب ایمپلائزسوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے افسران کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے ماہانہ کنٹری بیوشن چوری ہونے لگا۔ مہنگائی سے عاجز مزدوروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔