پولیس ہیومن ریسورس کی ویلفیئر ہائی کمانڈ کی اولین ترجیح :غازی صلاح الدین
لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی صلاح الدین نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے ہیلتھ سکریننگ کیمپ کاانعقادکیا گیا۔ کیمپ کا مقصد پولیس ملازمین کی صحت اورباڈی پروفائل کی جانچ کرنا ہے اور سکریننگ کیمپ میں ہونے والے ٹیسٹوں کی رپورٹ کی روشنی میں پولیس ملازمین اپنی صحت کا مزید بہتر طور پر خیال رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فیلڈ کیساتھ ساتھ دفاتر میں کام کرنے والے پولیس ہیومن ریسورس کی بہترین ویلفیئر پنجاب پولیس ہائی کمانڈ کی اولین ترجیح ہے۔دستیاب وسائل کے موثر استعمال اور دیگر اداروں کیساتھ اشتراک سے مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہیگا۔ پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے اہم اقدام، سنٹرل پولیس آفس میں تین روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے تعاون سے لگنے والے کیمپ میں مختلف بیماریوں کی سکریننگ اور فری ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
اے آئی جی ایڈمن اورسپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنے ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا۔ 13 سے 15 دسمبر تک جاری کیمپ میں سنٹرل پولیس آفس کے تمام ملازمین کے سکریننگ ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جن میں خطرناک بیماریوں کے ٹیسٹ شامل ہیں ۔ سپیشل سیکرٹری کوثر خان نے کہاکہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں ہیپاٹائٹس اے، بی، سی، ٹی بی، ذیابیطس، بلڈ پریشر، سانس کی بیماریوں، ذہنی مسائل اورپی سی آر ٹیسٹ سمیت دیگر تشخیصی ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔ اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر نے کہاکہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں ڈاکٹرز کی ٹیم بھی رہنمائی کیلئے موجود ہے ۔ اس کیمپ کا دورانیہ تین روز رکھا گیا ہے جبکہ پولیس ملازمین کو ہیپا ٹائٹس کی ویکسین بھی لگائی جارہی ہے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کیمپ میںپولیس ملازمین کے ٹیسٹ کر رہے ہیں۔کیمپ میں ملازمیں مفت ٹیسٹوں کیساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی مشاورت اور ادویات بھی لے سکیں گے۔ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کے ابتدائی روز ملازمین کی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مختلف بیماریوں کے ٹیسٹ کروائے گئے۔ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں سپیشل سیکرٹری کوثر خان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شاہد مگسی، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹریداللہ،ڈپٹی سیکرٹری ورٹیکل پروگرام حسان طارق سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی صلاح الدین نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹوطارق رستم چوہان کے ہمراہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا ۔ ہیلتھ سکریننگ کیمپ آج دوسرے روز بھی سنٹرل پولیس آفس میں جاری رہے گا۔