اتھلیٹ کی وطن واپسی ‘قوم صحت یابی کیلئے دعا کرے : ارشد ندیم
لاہور(سپورٹس رپورٹر )کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ اولمپیئن ارشد ندیم کہنی کی سرجری کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔کیمبرج میں سپورٹس سرجن ڈاکٹر علی شیر باجوہ نے ارشد ندیم کی سرجری کی۔ارشد ندیم وطن واپسی پر میاں چنوں روانہ ہو گئے، وہ 2 ہفتے گھر میں گزاریں گے۔ارشد ندیم گھر میں معالج کی ہدایت کے مطابق مختلف ورزشیں کریں گے، دو ہفتے بعد لاہور میں ری ہیب پروگرام شروع کریں گے۔
لاہور میں ڈاکٹر ہاشم کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ ارشد ندیم کی ٹریننگ کی نگرانی کریں گے، ری ہیب کے بعد جنوری کے وسط میں ارشد ندیم کا سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ پروگرام شروع ہو گا۔سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ پروگرام مارچ میں ختم ہونے کے بعد ارشد ندیم کی تکنیک پر کام شروع کیا جائیگا۔
انگلینڈ سے واپسی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ انگلینڈ میں مکمل علاج کرانے پر صدر اتھلیٹکس فیڈریشن جنرل اکرم ساہی کا شکر گزار ہوں۔ قوم سے اپیل ہے کہ میری صحت یابی کیلیے دعا کریں، مکمل فٹ ہو کر جلد ایکشن میں نظر آئوں گا۔