فٹبال ورلڈکپ :مراکش فرانس سیمی فائنل میں آج مد مقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آج مراکش اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجے شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کی تیسری پوزیشن کا میچ سترہ اور فائنل اٹھارہ دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں سیمی فائنل مقابلہ کیلئے تیار ہیں ۔ مراکش فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ ولید ریگراگئی نے کہا ہے کہ مراکش اب دنیا کی چار بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے کیونکہ ان کا مقصد مزید تاریخ رقم کرنا اور ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنا ہے۔مراکش ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کھیلنے والی پہلی افریقی ٹیم بن جائیگی جب اس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میں کیوں نہیں پہنچ پاتے؟ ہم بڑی خواہش کا مظاہرہ کریں گے اور اپ سیٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ہم اپنے براعظم میں ذہنیت کو تبدیل کرنے کیلئے اس مقابلے میں آئے ہیں۔قطر میں مراکش پہلے ہی بیلجیئم، سپین اور پرتگال کو شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنا چکا ہے۔ہر میچ سے پہلے لوگ سوچتے تھے کہ ہم ناک آؤٹ ہو جائیں گے لیکن ہم ابھی بھی یہیں ہیں۔انہوں نے رواںسال اگست میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ ہم اپنے خوابوں کے قریب آ رہے ہیں اور ہم وہاں تک پہنچنے کیلئے لڑیں گے۔اگر ہم کہتے ہیں کہ سیمی فائنل کافی ہے تو میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔ ہم سیمی فائنل اور ایسا کرنے والی پہلی افریقی ٹیم ہونے سے مطمئن نہیں ہیں۔ ہم مزید آگے جانا چاہتے ہیں۔آپ کو لگتا ہے کہ یہ پاگل ہے، لیکن تھوڑا سا پاگل پن اچھا ہے۔ہم بھوکے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ یہ کافی ہوگا، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ افریقہ دنیا میں سرفہرست رہے۔ میں جانتا ہوں کہ ہم فیورٹ نہیں ہیں لیکن ہم پراعتماد ہیں۔