امریکہ، برطانیہ میں شدید سردی، برفباری سے نظام زندگی متاثر
لندن نیو یارک (این این آئی+ اے پی پی) برطانیہ میں شدید برفباری سے نظام مواصلات بری طرح متاثر ہوا جبکہ امریکہ میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ، برطانیہ میں برفباری کی وجہ سے ڈیڑھ سو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کارنوال سے سکاٹش ہائی لینڈز تک سکول بھی بند ہیں۔ ایبرڈین شائر میں درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ ویلز میں درجہ حرارت منفی 8 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوب مشرقی اور مشرقی انگلینڈ میں برف باری نے لوگوں کو گھروں میں قید کر دیا ہے۔ برمنگھم میں کھیلتے ہوئے یخ بستہ جھیل میں گر کر تین بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں شدید سردی کے باعث قدرتی گیس کے نرخوں میں 10 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں نی میکس کنٹریکٹ برائے جنوری سپلائی 62.7 سینٹ سے 6.872 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو جبکہ فروری نی میکس کنٹریکٹ 56.7 سینٹ سے 6.649 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو پر بند ہوا جو کہ گزشتہ دو سال کے بلند ترین نرخ ہیں۔
امریکہ برطانیہ