میٹرک نتائج: لاہور 32، گوجرانوالہ بورڈ میں 36.00 فیصد طلباءکامیاب
لاہور گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) لاہور بورڈ نے میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحان 2022ء کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ نتائج کا اعلان کنٹرولر امتحانات عرفان علی نے کیا۔ امتحان میں 41573 امیدواروں نے شرکت کی۔ کامیابی کا تناسب 32.20 فیصد رہا ہے۔ امتحان میں 15622 لڑکیاں اور 25951 لڑکے شامل تھے۔ اس دفعہ پہلی بار بورڈ پالیسی کے مطابق دوسرے سالانہ امتحان 2022ءمیں فریش امیدواروں نے بھی شرکت کر کے امتحان دیا ہے۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹwww.biselahore.com پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے نتائج 80029 پر رول نمبر sms کر کے بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ فیصل آباد 30.65، بہاولپور 27.07، سرگودھا 36.30، پنڈی 23.22، ملتان 33.89، ڈیرہ غازی خان بورڈ کا نتیجہ 48.32 فیصد رہا۔ سرگودھا بورڈ میں طالبات نے میدان مار لیا۔ گوجرانوالہ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے امتحان سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ (سیکنڈ اینول) 2022 کے نتائج کا اعلان بورڈ کے چیئرمین غلام فرید کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد نعیم بٹ اور چوہدری شہزاد احمد سیکرٹری بورڈ نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 29204امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 10688کامیاب قرار پائے۔ اس طرح ان کی کامیابی کی شرح 36.60 فیصد رہی، سائنس گروپ (بوائز) میں 13548 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 4503امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح 33.24فیصد رہی، سائنس گروپ (گرلز) میں 7052 امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 3167 امیدوار کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح 44.91 فیصد رہی ، اسی طرح ہیومینٹیز گروپ (بوائز) میں 3747 امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 986 امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح 26.31فیصد رہی، ہیومینٹیز گروپ (گرلز) میں 4857 امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 2032 امیدوار کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح 41.84 فیصد رہی۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔
میٹرک نتائج