کان کھول کر سن لیں لاہور پولیس بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے: ہائیکورٹ
لاہور (سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر نے تین شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنے کے خلاف کیس میں جھوٹی رپورٹیں جمع کرانے پر ڈی آئی جی آپریشنز، ایس پی سی آئی اے، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ، مناواں اور ایس ایچ او باٹا پور کو آج طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ جو جو پولیس افسر ملوث ہوا عدالت اسے الٹا لٹکا دے گی۔ کان کھول کر سن لیں، لاہور پولیس کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے۔ درخواستگزار کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ میرے دو بیٹوں اسد اور علی رضا اور بھائی سلیم کو پولیس نے اٹھا لیا ہے۔ مغویان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ عدالتی حکم پر ایس ایچ او باٹا پور دانیال اور ایس ایچ او مناواں سہیل پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس نے پہلی حبس بیجا میں کیوں کہا کہ بندے ہمارے پاس نہیں، دوسری درخواست میں پولیس نے کہا کہ اسد اور علی رضا گرفتار ہیں؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ دونوں کی جرات کیسے ہوئی عدالت میں جھوٹی رپورٹ جمع کرانے کی، عدالت کو سب سمجھ آ گیا ہے کہ باٹا پور، مناواں اور سی آئی اے کینٹ کی پولیس ان شہریوں کی غیرقانونی حراست میں ملوث ہے۔
ہائیکورٹ،پولیس