موجودہ گھمبیر ملکی صورتحال کا واحد حل میثاق پاکستان ہے ، طاہر اشرفی
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ موجودہ گھمبیر ملکی صورتحال کا واحد حل میثاق پاکستان ہے ، ارشد شریف شہید کے خون کو ذاتی مقاصد کےلئے استعمال کیا جا رہا ہے جو زیادتی ہے ،آو آئی سی سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان و کشمیر ہماری سفارتی کامیابی ہے ، کشمیر و فلسطین پر ہمارا موقف دوٹوک ہے نہ کھبی تبدیل ہوا نہ ہو گا۔منگل کو اپنے دفتر میں پریس کانفرس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے تین روزہ پاکستان اور کشمیر کا دورہ کیا یہ دورہ مضبوط سفارتکاری اور مضبوط تعلقات کا عکاس تھا۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقاتیں کیں اور عام کشمیریوں سے ملے۔انہوں نے اس دورے میں کشمیر موقف کی حمایت کا عزم دوہرایا۔علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ پاکستان کا موقف کشیمر کے حوالے سے بڑا واضح ہے،گزشتہ روز وزیر اعظم نے ملاقات میں پاکستانی موقف دہرایا کہ کشمیر و فلسطین کا مسئلہ ہر صورت حل ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ ہم خادم حرمین شرفین اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں او آئی سی نے کبھی کشمیر کے مسئلے پر اپنا موقف تبدیل نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی صورتحال میں ایک فضا بنانے کی ضرورت ہے جس میں تمام سیاسی قوتیں بیٹھیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تب مضبوط ہوگا جب ہم میثاق پاکستان کرینگے ، معیشت اور اقتصادی صورتحال اسی وقت بہتر ہو گی جب ہم بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قیادت سے یقین رکھتے ہیں کہ وہ ذاتی اناوں کو چھوڑ کر بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کے حوالے سے جو تعاون ممکن ہوا کرینگے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر پاکستانی کا ہے،ہمارا آئین ہمارا دستور قرآن پاک کے تابع ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بیرونی مہم پاکستانی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہے اس کے خلاف صف آراءہونا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔انہوںنے کہاکہ ارشد شریف شہید کیس میں ہمارے دشمنوں نے پوری کوشش کی کہ ملک میں تقسیم پیدا ہو اور اداروں کے خلاف مہم چلائی گئی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دشمن قوتیں جو چاہتی تھیں وہ بیانیہ بعض قوتوں نے چلانے کی کوشش کی مگر قوم نے اسے اہمیت نہیں دی۔اس کھیل کا مقصد پاکستان کے اندر غیر یقینی صورتحال پیدا کرنا تھی۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا پر مہم وہ چلا رہے ہیں جو بیرون ملک بیٹھ کے زہر اگل رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین پر ہمارا دو ٹوک موقف ہے پاکستان کی پالیسی وہی ہے جو طے شدہ ہے انہوں نے کہا کہ اس کی کیا ضمانت ہے کہ آج الیکشن ہو جائیں تو عمران خان اسے قبول کرلینگے،جب فوج سیاست سے الگ ہو گے ہیں تو سیاست دان بیٹھ کے حل کریں۔ انہوںنے کہاکہ ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف مہم کے کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ،ارشد شریف کے قاتلوں کو سب مل کے تلاش کریں یہ اس کے خون کیساتھ زیادتی ہے جن کا نام خان صاحب لیتے رہے ہیں وہ اب ارشد شریف کی درخواست میں بھی وہی نام لکھے گے ہیں یہ اداروں کے خلاف سازش نہیں تو اور کیا ہے۔
طاہر اشرفی