لاہور: چکی آٹا 5 روپے کلو مہنگا‘ روٹی‘ نان کے نرخ 3 روپے بڑھنے کا امکان
لاہور (کامرس رپورٹر) فائن آٹے کا 15کلو کا تھیلا 300 روپے اضافے کے ساتھ 1750روپے کا ہوگیا۔ چکی آٹے کی قیمت پانچ روپے اضافے کے ساتھ 125روپے سے بڑھا کر130 روپے کلو مقرر کر دی گئی۔ صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے آٹا مہنگا ہونے پر نان اور روٹی کی قیمت میں 3روپے اضافے کا امکان ظاہر کہا ہے۔ لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن نے نئی قیمتوں کا سرکلر جاری کیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد فائن آٹے کا 80کلو والا تھیلا 8600سے بڑھ کر 9500کا ہوگیا، 40کلو گندم کا تھیلا 700روپے اضافے کے بعد 4300 تک پہنچ گیا ہے۔ لاہور کے تمام چکی مالکان کو سرکلر بھجوا دیا گیا اور ان قیمتوں کا اطلاق مارکیٹ پر بھی کر دیا گیا۔ لاہور آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے صدر ملک لیاقت علی نے کہا کہ غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمت آئوٹ آف کنٹرول ہو چکی ہے۔ بجلی کی قیمت بھی غیر معمولی بڑھ چکی ہے، چکی آٹا کی پیداواری لاگت بڑھنے سے آٹے کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم 4300روپے فی من ہوچکی، بجلی تین گنا مہنگی ہوچکی ہے، چکی مالکان کاروبار ترک کر رہے ہیں۔ دریں اثناء متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل نے کہا کہ گیس مل نہیں رہی اور لکڑی اور ایل پی جی مہنگی ہے۔ اس صورتحال میں نان روٹی کی قیمت میں اضافے کے لئے آج اجلاس طلب کر لیا۔ اس وقت روٹی 14روپے اور نان 22 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔