• news

سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان‘ انٹر بنک ڈالر ایک پیسے‘ سونا 100 روپے تولہ مہنگا


 کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ  بدھ کوسست روی کا شکار رہی جس کی وجہ سے شیئرز مارکیٹ کاروباری اتار چڑھائو کے لپیٹ میں رہی۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 41500پوائنٹس کی کم سطح تک گر گیا‘ مارکیٹ ملے جلے رجحان پر بند ہو ئی۔ 60فیصد سے زائد شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ کاروباری حجم منگل کے مقابلے میں1.28فیصد زائد رہا تاہم معمولی تیزی کے باوجود مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 8ارب 74کروڑ روپے سے زائد کم ہوگیا۔ کاروبار میں معمولی تیزی کے باوجود  مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 8 ارب 74کروڑ 26لاکھ 96ہزار 835روپے گھٹ کر  66کھرب27 ارب69 کروڑ41لاکھ79 ہزار 606روپے رہ گیا۔ شیئرز مارکیٹ میں  بدھ کو 3ارب 91کروڑ روپے سے زائد مالیت کے14کروڑ 67لاکھ 10ہزار 701 حصص کا کاروبار ہوا۔ جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو انٹر بینک میں 1پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت 224.70روپے سے بڑھ کر224.71روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 234روپے پر بدستور برقرار رہی۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں بدھ کے روز سونے کی فی اونس قیمت 9ڈالرز کم ہو کر 1808ڈالرز فی اونس کی سطح پر آگئی۔ آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کوفی تولہ سونا100روپے کے اضافے سے1لاکھ 70ہزار 900روپے پر آگیا۔ فی تولہ چاندی کی فی تولہ قیمت 20روپے بڑھ کر 1990روپے ہوگئی۔

ای پیپر-دی نیشن