پرویز الٰہی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار نہ وہ توڑنا چاہتے ہیں: گورنر پنجاب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ سربراہ پی ٹی آئی عمران خان ماضی کی طرح اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر بھی یوٹرن لے لیں گے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے عمران خان ماضی کی طرح اسمبلیوں کی تحلیل پر بھی یوٹرن لیں گے کیوں کہ پرویز الہی اسملبی نہیں توڑنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویزالہی کے پاس اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجنے کا آئینی حق ہے جب کہ میرے پاس اختیار ہے میں بطور گورنر سمری وصول ہونے کے بعد 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرونگا، مسلم لیگ ن کے پاس تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا اختیار ہے اور میں کسی بھی وقت وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتا ہوں۔ بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں الیکشن کے لیے تیار ہیں لیکن معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں۔ گورنر ہاؤس میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتیں انتخابات سے گھبرانے والی نہیں ہیں، ہم ہر وقت عوام کے پاس جانے کو تیار ہیں تاہم ہماری پہلی ترجیح ملک میں معاشی استحکام لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوراپوزیشن میں بیک ڈور رابطے بھی ہوتے ہیں تاہم بیک ڈور مذاکرات کی باتیں پبلک نہیں کر سکتا۔