• news

ملالہ کی ملاقات:25ہزار اساتذہ بھرتی،جسمانی سزا پر پابندی کا قانون لائیں گے:پرویز الہیٰ


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور کے چڑیا گھر سے متصل فوڈ کورٹ کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر سے متصل ڈبل سٹوری فوڈ کورٹ میں تمام تر جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور فوڈ کورٹ کے وسط میں ڈانسنگ فاو¿نٹین بھی لگایا جائے گا۔ ڈانسنگ فاو¿نٹین کے اردگرد میں سرکلر سیڑھیوں پر بیٹھنے کا اہتمام بھی ہوگا۔ وائلڈ لائف پارک میں سفاری وزٹ کا اہتمام ہوگا اور وائلڈ لائف پارک میں جھیل پر بوٹنگ سفاری بھی متعارف کرائی جائے گی۔ سفاری ٹرین بچوں کو سیر کرائے گی۔ وائلڈ لائف پارک میں بھی لاہور زو کی طرز پر فوڈ کور ٹ قائم کیا جائے گا۔ دریں اثناءنوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کے ایجوکیشن سیکٹر میں اصلاحات کے پروگرام کی تعریف کی اور ان کے علم دوست اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ملالہ کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی کے بارے میں سنتی اور پڑھتی رہتی ہوں۔ تعلیم دوست اقدامات پر چودھری پرویز الٰہی کی معترف ہوں‘ چاہتی ہوں کہ پاکستان بالخصوص پنجاب کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ رہے اور مجھے امید ہے کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی ہمارے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے تعلیم کے میدان میں اور زیادہ اقدامات کریں گے تاکہ ہر بچی زیور تعلیم سے آراستہ ہوسکے۔ ملالہ یوسف زئی ملاقات کے بعد جب وزیراعلیٰ آفس سے واپس روانہ ہوئیں تو وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی خود باہر پورچ تک آئے اور ملالہ کو خود رخصت کیا اور کہا کہ بیٹیوں کو عزت دینا سنت نبوی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی طرف سے ملالہ یوسف زئی کو وزیراعلیٰ آفس کے وزٹ کی تصویری البم بھی پیش کی گئی۔ ملالہ یوسف زئی نے بتایا کہ لاہور میں ان کے سسرالی رشتے دار رہتے ہیں جبکہ ان کے شوہر عصر ملک کا تعلق گجرات سے ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا پنجاب کے سکولوں میں 25 ہزار اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے ملالہ کی درخواست پر سکولوں اور مدرسوں میں جسمانی سزا دینے پر پابندی کا قانون لائیں گے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملالہ فنڈ پاکستان کی سرگرمیوں، مستقبل کی حکمت عملی اور منصوبوں، تعلیم کے فروغ خصوصاً گرلز ایجوکیشن اور STEAM پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا پرائمری کی سطح پر پنجا بی تعلیم کیلئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے، طالبات کے لئے فری ٹرانسپورٹ کا آغاز کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سخی سرور ٹی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ منرو میں 1122 ریسکیو سینٹر قائم کیا جائے گا۔ جدید طبی سہولیات سے مزین ٹراما سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت دور دراز علاقوں کے مکینوں کو صحت کی سہولتوں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ تعلیم، صحت اور دیگرشعبوں میں پاک افواج کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ کی تعلیم اور صحت کے شعبہ میں خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ وزیراعلی پرویز الٰہی نے ملالہ کی درخواست پر کہا سکولوں اور مدرسوں میں جسمانی سزا دینے پر پابندی کا قانون اسی ماہ پنجاب اسمبلی سے منظورکرایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کی طالبات کے وظائف میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ پیف کو (PEEF)کو دوبارہ فعال اور موثر بنایا جائے گا۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی (STEAM) پروگرام جلد نافذالعمل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں شاہی قلعہ، شیش محل اور شاہی گزرگاہ کو بحال کر کے سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ گجرات میں یونیورسٹی بننے سے ماحول بدل گیا، 70 ہزار بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہوئے۔ گجرات میں آسٹریا انجینئرنگ یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی۔ لاہور نالج پارک میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شروع کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ملالہ فنڈ کی سرگرمیوں کو سراہا اور ملالہ یوسف زئی، ان کے والد ضیاء الدین یوسف زئی، شوہر عصر ملک اور وفد کو لاہور کی سیاحت کی دعوت دی۔ جبکہ وزیراعلیٰ اور مونس الٰہی سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں رہنماو¿ں نے بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت سے نہ تو معیشت سنبھلی اور نہ بچی کھچی سیاسی ساکھ۔ سیاست کی بجائے ریاست بچانے کا نعرہ لگانے والے عناصر بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں۔ عوام اس نااہل ٹولے سے عاجز آچکے ہیں۔ وفاقی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صحافی برادری سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے پہلے فیز میں صحافی کالونی فیز ٹو کے لئے700کنال اراضی الاٹ کر دی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے روڈا کے فیز ون میں 700کنال اراضی الاٹ کرنے کے بارے میں پنجاب جرنلسٹ ہاو¿سنگ فاو¿نڈیشن کو آگاہ کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی سے لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے ملاقات کی۔ پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ اقبال چودھری اور ڈی جی پی آر راو¿ پرویز اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اراضی الاٹ کرنے کے حوالے سے روڈا کا نوٹیفکیشن اعظم چودھری اور رانامحمد عظیم کودیا۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن