• news

فریال تالپور کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی کو درخواست مسترد:الیکشن کمشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) الیکشن کمشن نے پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کر دی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن نے فریال تالپور کی نااہلی کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ جوابدہ فریال تالپور نے اپنے اثاثے ظاہر کیے، نااہلی کے لیے مواد اور ٹھوس ثبوت دینا ہوتا ہے، درخواست گزار نااہلی کا کیس بنانے میں ناکام رہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نے فریال تالپور کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فریال تالپور نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، جس نے مجھے جھوٹے مقدمے میں سرخرو کیا، اور یہ کامیابی سچ کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری کی کامیابی اور جیالوں کی دعاﺅں کا ثمر ہے۔ فریال تالپور کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے عوام کو ان کے حقیقی نمائندوں سے محروم کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جھوٹے مقدمات، جیلوں اور منفی پروپیگنڈا کے آگے کبھی پہلے تائب ہوئی نہ آئندہ ہی ہوگی۔ 

درخواست مسترد

ای پیپر-دی نیشن