محاصرے،تلاشی کا روائیاں جاری،ایک اور نوجوان گرفتار
سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محاصرے اور تلاشی کارروائی میں ایک بے گناہ کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز،28 بٹالین سی آر پی ایف اور پلوامہ پولیس نے پلوامہ میں بانڈزو کراسنگ کے نزدیک تلاشی مہم کے دوران یاور بشیر ڈار نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا جبکہ خصوصی این آئی اے عدالت میں8بے گناہ کشمیریوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی گئی ہے جبکہ5مزید نوجوانوں کے نام مقدمے میں شامل کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت قید کا حکم منسوخ کرتے ہوئے اسے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کیلئے جیلوں کے دروازے تو کھلے ہیں تاہم نوکریوں کے دروازوں کو بند کیا گیا ہے۔ اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو مزید مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے،جبکہ نوجوان پہلے ہی نگرانی کرنے کے عمل سے تنگ آچکے ہیں۔ضلع ڈوڈہ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں میاں بیوی لقمہ اجل بن گئے۔ بانڈی پورہ قصبے اور سری نگرمیں آتشزدگی کے دو الگ واقعات میں ایک سکول کی عمارت جل گئی جبکہ ایک لاکھ سے زائد کتابیں بھی جل کر خاکسترہو گئیں۔