نوجوانوں کیلئے قرض،روزگاراورلیپ ٹاپ سکیمیں شروع کریں گے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) حکومت نے نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ اور روزگار سکیموں کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ’پرائم منسٹر یوتھ پروگرام‘ کا آغاز کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے کئی سکیمیں بحال کی جائیں گی، جن کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، جس میں 15 سے 29 سال تک کی عمر کے 5 کروڑ سے زائد نوجوانوں کو قرضے دیئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت انوویشن ایوارڈز دینے کا منصوبہ بھی ہے۔ شیزہ فاطمہ نے بتایا کہ لیپ ٹاپ سکیم شہباز شریف نے 2011 میں پنجاب میں شروع کی تھی۔ رواں برس وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ بلوچستان کا حصہ دوگنا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ کے ذریعے قرض اپلائی کرسکتے ہیں، جہاں 5 لاکھ تک قرضے بلا سود فراہم کیے جائیں گے جبکہ 15 لاکھ کا قرضہ 5 فیصد شرح سود اور 75 لاکھ تک قرض پر سود کی شرح 7 فیصد ہوگی۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کریں گے۔ شیزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کامیاب جوان کے نام سے ہمارے ہی منصوبے کو جاری کیا جب کہ سابقہ حکومت نے مسلم لیگ ن کی طرف سے نوجوانوں کے لیے شروع کئے گئے زیادہ تر منصوبے ختم کردیئے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ واشنگٹن میں پاکستان کی سرکاری عمارت بیچنے کا فیصلہ کرلیا۔ مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ 2010ءمیں اس وقت کے وزیراعظم نے واشنگٹن میں پاکستان کی دو عمارتوں کی تزئین و آرائش کے احکامات جاری کئے تھے، ان میں سے ایک عمارت مکمل ہو چکی ہے جو کرایہ پر دینے کے لئے تیار ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت خارجہ اس حوالے سے کام کر رہی ہے، ایک عمارت مرمت نہیں ہو سکی، امریکہ نے 2018ء میں اس عمارت کا سفارتی درجہ ختم کر دیا تھا۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ 2019ءسے لے کر اب تک 13 لاکھ ڈالر حکومت پاکستان ان عمارتوں کے ٹیکس کی مد میں ادا کر چکی ہے، اگر یہ عمارت فروخت نہیں کی جاتی تو ہر ماہ ایک لاکھ ڈالر ہمیں ادائیگی کرنا پڑے گی۔ عمارت فروخت کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ امریکا میں فروخت کی جانے والی عمارت واشنگٹن ڈی سی کے مہنگے ترین علاقے نارتھ ویسٹ میں ہے جو 13ہزار سکوائر فٹ سے زائد کے احاطے پر قائم ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی عمارت کے قریب سابق امریکی صدر اوباما اور ان کی بیٹی ایوانکا کا بھی گھر ہے۔ کئی برسوں سے رہائش و دفاتر قائم نہیں اور زیر استعمال نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی ملکیت عمارت انتہائی مخدوش حالت میں ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او لینے کیلئے ہے۔ عمران خان نے جو گل کھلائے ہیں وہ قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔ کسی نے کوئی چوری کی تھی تو چار سال میں الزام ثابت کرتے۔ حقیقی آزادی اب صرف زہریلے اور سازشی فتنے سے آزادی ہے۔ عمران صاحب! الزام ثابت کیوں نہیں کئے؟ ثبوت کیوں نہیں دیئے، چار سال آپ نے جو کیا ہے وہ ذرا عوام کو بتا دیں۔
مریم اورنگزیب