ایرانی بھائیوں سے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر محمد سبطین خان سے قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری کی پنجاب اسمبلی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایرانی قونصلیٹ سے فرسٹ قونصل صادق فلاح اور مرتضیٰ فوراتی بھی موجود تھے۔ سپیکرمحمد سبطین خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایرانی بھائیوں سے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے۔امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد سے موجودہ چیلنجزکا مقابلہ کرنا ہوگا۔دونوں ممالک مشکلات کے باوجود تجارتی اور اقتصادی شعبہ جات میں تعاون کو بڑھا رہے ہیں۔ لاہور تاریخی، ادبی،تعلیمی اور ثقافتی لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ سپیکر محمد سبطین خان نے ایران قونصل جنرل سے فارسی زبان میں بھی گفتگو کی جسے قونصل جنرل نے بہت پسند کیا۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے کہا کہ پاکستا ن کو ایران کے توانائی کے ذخائر سے استفادہ کرنا چاہیے۔ہم سعودی عرب سمیت تمام عالم اسلام کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔