ارجنٹائن کے لیونل میسی کا فٹبال ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈکپ کا فائنل ان کے ملک ارجنٹائن کیلئے آخری میچ ہوگا۔ ورلڈ کپ فائنل میں اپنا آخری میچ کھیل کر اس سفر کو ختم کرنے پر خوش ہوں۔اس طرح کا اختتام بہترین ہے ، 35 سالہ لیونل میسی نے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں بہت وقت ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں وہ کھیل سکوں گا۔ کروشیا کے خلاف سیمی فائنل میں جیت کے بعد لیونل میسی نے ساتھی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ اس موقع سے لطف اٹھائیں ، ارجنٹائن ایک مرتبہ پھر فائنل میں پہنچ گیا ، ہم مشکل حالات سے گزرے ہیں۔اس سے قبل ارجنٹائن کے کوچ نے امید ظاہر کی تھی لیونل میسی ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل میچز کھیلتے رہیں گے۔