• news

نیشنل فٹبال چیلنج کپ یکم جنوری سے شروع‘32ٹیمیں شریک ہونگی 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل فٹبال چیلنج کپ کا یکم جنوری سے آغاز ہوگا،ملک بھر میں جاری ایونٹ میں 32ٹیمیں شریک ہوں گی۔ہرگروپ میں 4ٹیموں کو شامل کیا گیا ، واپڈا ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کریگی،دیگر ٹیموں میں آرمی، پی اے ایف،نیوی،پولیس، ریلویز، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، کے پی ٹی،کے آر ایل،سوئی ناردرن گیس،کراچی یونائیٹڈ،فالکن گروپ،ہزارا کول کمپنی،ایشیا گھی ملز، پی او ایف واہ،ایشیا گھی ملز،گوادر پورٹ اتھارٹی،اشرف شوگر ملز،سٹیٹ لائف انشورنس،نسمو، اوٹو کرینز، ماشا یونائیٹڈ، پی اے سی اے، ایس اے گارڈنز، سیف ٹیکسٹائل،ایکوا پیور واٹر، مسلم ہینڈز،حسین ہومز ٹیکسٹائل ملز، مائلو، کالاش ملز،میسن بلڈرز، ڈبلیو ایس ٹی سی،بی ایچ سی سی،ایس اے فارمز شامل ہیں۔ پہلے مرحلے کے میچز یکم جنوری سے 11فروری تک 8شہروں راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، چمن، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے،اس دوران ہر ٹیم کو 3ہوم اور 3اوے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ہر گروپ سے سرفہرست 2ٹیمیں رائونڈ 16میں شرکت کریں گی۔فاتح ٹیم کو 10لاکھ، رنر اپ کو 5 لاکھ اور تیسری پوزیشن پانے والی ٹیم کو اڑھائی لاکھ روپے انعام میں ملیں گے۔ فیئر پلے ایوارڈ کے ساتھ 2 لاکھ دیئے جائیں گے،بہترین کھلاڑی، گول سکورر اور گول کیپر کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس ملے گا۔چیئرمین پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے رکن شاہد نیاز کھوکھر اور منیجر کمپی ٹیشن قمر علی قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ایونٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل چیلنج کپ کی ڈومیسٹک فٹبال میں واپسی سے ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔
 پاکستان فٹبال میں اداروں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،اسی لئے ایونٹ فیڈریشن کی خاص توجہ کا مرکز بناہے۔ چیلنج کپ میں شریک ٹیموں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن