ایس ای سی پی نئے کمشنرز نے عہدوں کا چارج سنبھال لیا
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت کی جانب سے تعینات کئے گئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنروں نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عاکف سعید، عبدلرحمان ورائچ اور مجتبی احمد لودھی کو تین سال کی مدت کے لئے کمشنر ایس ای سی پی تعینات کیا گیا ہے ۔ نئی تعیناتیوں کے لئے ایس ای سی پی میں کمشنروں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔عاکف سعید اس سے پہلے دسمبر 2014 سے دسمبر 2017 تک ایس ای سی پی کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں ۔ بطور کمشنر تقرری سے قبل ایس ای سی پی کے مختلف محکموں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ انہوں نے ائیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ ، پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ پنشن فنڈز کے ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ عاکف سعید نے پاکستان کی تین اسٹاک ایکس چینجوں کے انضمام اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کے علاوہ سکیورٹیز مارکیٹ کے بین الاقوامی معیارات کو متعارف کروانے میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔ عاکف سعید نے سکیورٹیز ایکٹ 2015 اور فیوچرز ایکٹ 2016 کا مسودہ تیار کرنے والی ٹیم کی بھی سربراہی کی۔عبدالرحمن وڑائچ چارٹرڈ فنانشل انالسٹ اور فنانشل رسک مینیجر ہیں نجی اور سرکاری شعبوں کی مالیاتی خدمات کا 25 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔ ایس ای سی پی میں بطور کمشنر تعینات ہونے سے پہلے، وہ سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کے صدر اور ایڈووکیسی کو چیئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ 2019 سے 2021 تک حکومت پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈیٹ کے عہدے پر فائز رہے۔ ان کو ٹیکسیشن، ایسٹ منجمنٹ، رسک مینجمنٹ، ڈیٹ مینجمنٹ اور پرائیویٹ فنڈ مینجمنٹ کےشعبوں میں مہارت حاصل ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب میں ڈیٹ مینجمنٹ اسپیشلسٹ اور یو کے ایڈ، فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس یوکے، ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے کنسلٹنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ہیں۔مجتبیٰ لودھی کو عالمی مالیاتی کیپٹل مارکیٹس، رسک مینجمنٹ، ریگولیٹری فریم ورکس، مسابقتی قانون، نفاذ اور تعمیل اور تنظیمی ڈیجیٹل تبدیلی کا وسیع تجربہ ہے۔ ایس ای سی پی میں بطور کمشنر تقرری سے پہلے، وہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ممبر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں انہوں نے کئی محکموں کی نگرانی کی، جن میں مرجرز اینڈ ایکویزیشنز، ایگزیمپشنز، دفتر برائے بین الاقوامی امور، انفارمیشن سسٹم اینڈ ٹیکنالوجی اور آفس آف فیئر ٹریڈشامل ہیں۔ مجتبیٰ لودھی نے برطانیہ میں بارکلیز، ایچ ایس بی سی، سٹی گروپ اور جے پی مورگن سمیت سرفہرست عالمی بینکوں کے ساتھ کام کیا اور فائنینشل خدمات اور کارپوریٹ انڈسٹری کے ساتھ وسیع پیشہ ورانہ تعلقات استوارکیے ۔ انہوں نے لندن کی کوئین میری یونیورسٹی سے انوسٹمنٹ اینڈ فنانس میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی ہے، اور یونیورسٹی آف ایسٹ لندن، برطانیہ سے سافٹ ویئر انجینئرنگ میں بیچلر آف سائنس (آنرز) کی ڈگری حاصل کی ہے۔
کمشنرز