ٹیلی ہیلتھ اور ڈیجیٹل صحت اقدامات کے ذریعے مسائل سے نمٹا جا سکتا ہے: عارف علوی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجیز سے چلنے والی ٹیلی ہیلتھ ملک میں آن لائن فارمیسیوں اور لیبز، چیٹ بوٹس اور آن لائن ٹیلی فونک مشاورت کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے تاکہ خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں غیر مراعات یافتہ لوگوں کو انتہائی کم لاگت میں طبی مشاورت، رہنمائی اور تشخیص کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صدر مملکت نے یہ بات بدھ کو پاکستان کی دوسری ڈیجیٹل ہیلتھ نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کو صحت کے شعبے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں طبی پیشہ ور افراد کی کمی، ناقص انفراسٹرکچر، صحت کی خدمات کی مہنگی لاگت، دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبہ میں ناکافی فنڈز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو درپیش ان مسائل کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ٹیلی ہیلتھ اور ڈیجیٹل صحت کے اقدامات کے ذریعے نمایاں طور پر نمٹا جا سکتا ہے جو ورچوئل ہسپتالوں، کلینکس، تشخیصی نظاموں کے ذریعے صحت کی خدمات فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دے کر ہمارے صحت کے نظام کو خاطر خواہ لاگت کے بغیر بڑھا دے گا جس سے ملک میں بیماریوں کا بوجھ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔
صدر علوی