آرمی چیف سے امریکی سینٹ کام کمانڈر کی ملاقات:دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے کمانڈر یونائٹڈ سٹیٹس سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سینٹکام کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی جنرل نے جی ایچ کیو کے دورے کے دوران یادگار شہداءپر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ کمانڈر سینٹکام نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام، سلامتی صورتحال، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بالخصوص دوطرفہ عسکری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے دورے کے دوران سینٹکام کمانڈر جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی امداد، بحالی کے کاموں اور علاقائی امن کے لیے تعاون کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی وفد آج طورخم بارڈر کا دورہ بھی کرے گا۔ دورہ سرحد کے دوران سینٹکام کمانڈر جنرل کو انسداد دہشت گردی اور پاک۔ افغان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
آرمی چیف سے ملاقات