پاکستان دہشت گردی کا شکار،آئی ایم ایف شرائط پر نظر ثانی کی ضرورت:بلاول
اسلام آباد واشنگٹن نیو یارک (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان قبل از وقت الیکشن نہیں جیت سکتے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی پر فخر ہے۔ ہمیں انتہائی معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلاب کی تباہی کے باعث آئی ایم ایف شرائط پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے اور جی 77 کے وزارتی اجلاس، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نیو پارک میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکا میں پاکستان کے خلاف ایک پروپیگنڈا اور تاثر پیدا کیا گیا ہے، بار بار رابطوں سے اس تاثر کو توڑنا پڑے گا۔ ایک دن میں تو سب مسائل حل نہیں ہوتے مگر پچھلے 6 سے 7 ماہ میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ ماضی میں ہمارا تعاون دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں بہت محدود اور مخصوص تھا تاہم اب ہم ایک وسیع البنیاد شراکت داری قائم کر رہے ہیں۔ عمران خان قبل از وقت الیکشن کی صورت میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔ اپنی نشستوں پر ضمنی انتخابات جیتنے کو پاکستان بھر میں ان کی مقبولیت کے جھوٹے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔ چین ہمارا پڑوسی ملک ہے اس کے ساتھ ہماری ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں ہمارا بہت تعاون ہے۔ ہم کسی بھی رعایتی توانائی کا تعاقب نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی حاصل کر رہے ہیں لیکن ہمیں انتہائی مشکل معاشی صورتحال، افراط زر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کا سامنا ہے۔ توانائی کے عدم تحفظ کے پیش نظر ہم اپنے علاقوں کو وسعت دینے کیلئے مختلف راستے تلاش کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے نیو یارک میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں۔ مسلم دنیا کو دہشت گردی کیلئے مورد الزام ٹھہرانا غلط ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمیں اپنی کامیابیوں پر فخر ہے۔ دہشتگردی کا کسی مذہب یا خطے سے تعلق نہیں۔ دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا ہر گز درست نہیں۔ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بیرون ملک سے معاونت کی گئی۔ دہشت گرد گروپوں کی تربیت اور مالی مدد روکنا ہوگی۔ دہشت گرد عناصر کو ہمارے ہمسایہ ملک سے معاونت مل رہی ہے۔ جوہر ٹا¶ن لاہور دھماکے میں بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ 2001ءکے بعد دہشت گردی کا سب سے زیادہ نشانہ مسلمان بنے۔ کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آئے۔ بلوچستان میں عدم استحکام کے لئے غیر ملکی عناصر سرگرم ہیں۔ جی 77 وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ جی 77 ملکوں کو معیشت کی بحالی میں ملکر مدد کرنا ہو گی۔ سیلاب کی تباہی کے باعث آئی ایم ایف شرائط پر نظرثانی ضروری ہے۔ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی حمایت کرتے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی پذیر ممالک کو مساویانہ مواقع دینا ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں بھارت کو بڑی بڑی باتیں کرنے کی بجائے کشمیر کی قرارداد پر عمل کرنے میں مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ بھارت واقعی خطہ میں امن چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد منظور کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ لارڈ طارق احمد نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے برطانیہ کے وزیر مملکت برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ڈویلپمنٹ آفس لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے نیویارک میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سانحہ آرمی پبلک سکول بھولے ہیں نہ اپنی ذمہ داری سے غافل ہیں۔ بیان کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی آٹھویں برسی پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے معصوم شہداءاور ان کے اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بلاول