• news

عمران نے اربوں روپے کے تحائف ڈیکلئیر نہیں کئے،چوریوں کا حساب دینا ہوگا:مریم اورنگزیب


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کا چور چور کا جھوٹا بیانیہ سننا بند کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت کے ذریعے تعلیمی اداروں کو سیاسی اکھاڑا بنایا جا رہا ہے۔ نوجوان تقسیم اور فساد کی سیاست سے دور جا رہے ہیں۔ بچوں کو گھٹیا سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب حکومت کے ذریعے سکولوں، درسگاہوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیاسی اکھاڑہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے جو نوجوان نسل کے لئے کسی طور بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو معلوم ہے کہ وہ تقسیم، انتشار اور فساد پر مبنی کسی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے۔ یہ بچے جانتے ہیں کہ 2018 میں ملک 6.1 کی شرح سے ترقی کر رہا تھا، مہنگائی 3 فیصد پر تھی، ملک میں 14 ہزار میگاواٹ بجلی بن چکی تھی، سی پیک کے منصوبے چل رہے تھے، نوجوانوں کو روزگار مل رہا تھا، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر تھی، موٹر ویز بن رہی تھیں، ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چار سال کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، عمران خان نے جو الزامات لگائے وہ چوریاں انہوں نے خود کیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بچوں کو گھٹیا سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش نہ کی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ توشہ خانہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، یہ صرف گھڑیوں کا معاملہ نہیں، عمران خان نے اربوں روپے کے تحائف ڈیکلیئر نہیں کئے، گھڑی خریدنے سے پہلے فروخت کی اور پھر پیسے جمع کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال ملک پر پروپیگنڈا گروہ مسلط تھا۔ اختیارات موجود تھے، ادارے اور ریکارڈ بھی موجود تھا، انہوں نے جو الزامات عائد کئے، وہ ایک بھی ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں سے چالیس سال کا حساب مانگنے والے کو اپنے چار سال کا حساب دینا چاہئے۔ عمران خان کے دور میں انرجی مافیا اور پٹرولیم مافیا نے ڈاکے ڈالے۔ عمران خان کو اپنی چوریوں کا حساب دینا ہوگا۔ 
وزیراطلاعات

ای پیپر-دی نیشن