گورنر پنجاب نے منسٹرز سیلیریز اینڈ پریویلیجز بل دوسری بار واپس بھیج دیا
لاہور (نامہ نگار) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب منسٹرز سیلیریز، الاوئنسز اینڈ پریویلیجز (امینڈمنٹ) (ریپیل) بل 2022 دوسری دفعہ پنجاب اسمبلی کو عوامی مفاد میں واپس بھیج دیا۔ گورنر پنجاب نے پہلے بھی اس بل پر درج ذیل تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے واپس کر دیا تھا۔ پنجاب منسٹرز سیلیریز، الائونسز اینڈ پریویلیجز (امینڈمنٹ) (ریپیل) بل 2022 پر عمل درآمد سے خزانے پر بوجھ بڑھے گا۔ اس بل سے سابق وزرائے اعلیٰ اور وزراء کی سکیورٹی سکواڈ سمیت غیر ضروری مراعات جو ختم کر دی گئی تھیں بحال ہو جائیں گی۔ مجوزہ بل سے ٹیکس گزاروں کا پیسہ مراعات کی مد میں خرچ ہوگا جس کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔