ڈالر کا نرخ مستحکم، سونا 500 روپے تولہ مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندا
کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بنک میں جمعرات کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت فروخت224.71روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت234روپے پرمستحکم رہی۔ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت گزشتہ روز 30ڈالرز کمی کے بعد1778ڈالرز کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی منڈی میںسونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے اضافہ سے 1لاکھ 71ہزار 400 اور دس گرام سونے کی قیمت 429روپے اضافہ سے 1لاکھ 46ہزار 948روپے رہی، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت1990روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ عمران خان کی جانب ایک بار پھر اسمبلیاں توڑنے کیلئے17دسمبر کو تاریخ کا اعلان کرنے کے بیان، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے نویں جائزے میں تاخیر اور بڑھتی ہوئی سیاسی غیر یقینی صورتحال ،پاکستانی روپیہ کی قدر میں مسلسل گراوٹ سے جمعرات کو سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی بڑے پیمانے پر فروخت سے مارکیٹ شدید مندے کا شکار ہوئی۔ 75فیصد سے زائد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گھٹ گئیں اورکاروباری حجم بدھ کے مقابلے میں67فیصد کم رہا۔ مندی کی وجہ سے مارکیٹ سرمایہ میں83ارب17کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 66کھرب کی سطح سے نیچے آگیا۔ پہلے انڈیکس 260 پوائنٹس تیزی سے 41997 کی سطح پر پہنچ گیا، ٹریڈنگ کے دوان 41109 کی کم سطح تک گر گیا۔ 100 انڈیکس 557.96 پوائنٹس سے گھٹ کر 41179 پر بند ہوا۔
ڈالر،سونا