بصیر پور: 3 سالہ مغوی بچی کی نعش کوڑے کے ڈھیر سے برآمد
بصیرپور+ اوکاڑہ+لاہور (نامہ نگاران) نواحی موضع طاہرکلاں سے اغوا ہونے والی تین سالہ بچی آصفہ کی نعش گزشتہ صبح اس کے گھر کے سامنے کوڑے کے ڈھیر سے برآمد ہوگئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اندوہناک واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی۔ محنت کش نواز عاشق کی تین سالہ بیٹی آصفہ گذشتہ شام چار بجے کے قریب گھر کے سامنے سے لاپتہ ہوگئی تھی جس کی تلاش میں ناکامی پر رات کو بصیرپور پولیس نے اس کے والد کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔ گزشتہ صبح آبادی کی خواتین نے مغویہ کی نعش اس کے گھر کے سامنے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر پڑی دیکھ کر شور مچا دیا۔ اطلاع پر مقامی پولیس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس افسر اوکاڑہ ضلع بھرکے ڈی ایس پیز اور سینئر ایس ایچ اوز و موبائل فرانزک یونٹ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کرنے کے بعد نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دیا گیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق جنسی زیادتی نہیں ہوئی تاہم موت کی وجہ کا تعین مفصل رپورٹ ملنے پر کیا جا سکے گا۔ پولیس نے اغوا کے مقدمہ میں قتل کی دفعہ کا اضافہ کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔ مزید برآں معصوم بچی کے اغوا کے بعد قتل کی لرزہ خیز واردات سے علاقہ بھر میں خوف وہراس پھیل گیا ہے اور والدین اپنے بچوں کے حوالہ سے شدید احساس عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں ۔
بچی قتل