حکومت خصوصی افراد کی بہتری کیلئے کوشاں‘ سہولتوں کی دستیابی ناگزیر ہے: بیگم علوی
لاہور (لیڈی رپورٹر) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ خصوصی افراد کو دنیا بھر میں مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ دلی خوشی ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر خصوصی افراد کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوشل ویلفیئر کے تعاون سے ادارہ نشیمن میں مشعل راہ فاﺅنڈیشن کے پراجیکٹ مسکن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ معذوری ایک عالمی مسئلہ ہے۔ ہمیں ایسے افراد کو یہ احساس دلانا چاہیئے کہ وہ ہم سب سے کسی طرح بھی کم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی بہتری کیلئے کوشاں ہے جبکہ پبلک پارٹنرشپ کے تحت مختلف ادارے و تنظیمیں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے مل کر کام کر رہے ہیں، ہم سب کو مل کر ان افراد کو معاشرے میں عزت دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں معذور افراد کوہرطرح کی سہولیات کی دستیابی نا گزیر ہے۔ خاتون اول نے کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کے لئے پبلک پارٹنرشپ کے تحت سکیمیں بھی متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ ان کا احساس محرومی ختم ہو اور انہیں مساوی حقوق مل سکیں۔ قبل ازیں خاتون اول نے ادارہ نشیمن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ان کے کاموں کو سراہا۔
بیگم ثمینہ عارف