• news

پنجاب میں صنعتکاری کی رفتار، تعاون بڑھائیں گے: چینی قونصل جنرل 


لا ہور (کامرس رپورٹر) چینی قونصل جنرل ژاو¿ شیرین نے کہا ہے کہ چین کا پنجاب میں صنعتکاری کی رفتار اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ ہے۔ پنجاب اور چین کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان رابطے اور تعلقات میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورے میں کیا ہے۔ اس موقع پر کثیر جہتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ لاہور میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل ژاو¿ شیرین نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے دورے کے دوران باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے مختلف شعبوں پر بات چیت کی۔ چینی قونصل جنرل کی پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت آمد کے موقع پر سیکرٹری صنعت سہیل اشرف، چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری تجارت فضیل آصف جاہ، خصوصی صنعتی زون اتھارٹی کے چیئرمین ایس ایم نوید اور پی بی آئی ٹی کے سی ای او جلال حسن نے ان کا استقبال کیا جبکہ فریقین نے صوبے میں تیز رفتار صنعت کاری کیلئے پنجاب اور چین کے درمیان تعاون کو بڑھانے کیلئے کثیر جہتی حکمت عملی پر غور کیا۔ قونصل جنرل نے صوبہ بھر میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے مضبوط نیٹ ورک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چین سے زیادہ افرادی قوت کی طالب صنعتوں کی پنجاب منتقلی کو فروغ دینے کیلئے محکمہ صنعت کی کاوشوں کو سراہا۔ سی ای او پنجاب بورڈ برائے صنعت و تجارت جو پنجاب صنعتی زونز اتھارٹی کے سیکرٹری بھی ہیں نے شرکاءکو پنجاب میں صنعتی و معاشی ترقی کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی سہولت کاری و دیگر فرائض کے بارے میں آگاہ کیا۔ قونصل جنرل نے پی ٹی یو ٹی پراجیکٹ کو دوبارہ متحرک کرنے اور چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب منتقل کرنے اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جے وی پر مبنی شراکت داری کی ترغیب دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
 چینی قونصل جنرل

ای پیپر-دی نیشن