توشہ خانہ سے آئی چیزوں کی تصویریں کیوں لیں بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو
اسلام آباد؍ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور نگران بنی گالہ انعام خان کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔ بشریٰ بی بی. ہیلو،انعام خان. جی السلام علیکم،بشریٰ بی بی. وعلیکم السلام، یہ جو توشہ خانہ سے چیریں آئی تھیں آپ نے اصغر کو کہا تھا کہ اس کی تصویریں بنا کر بھیجو مجھے،انعام خان. نہیں میں نے تو نہیں کہا، بشریٰ بی بی. تو کیوں کھینچی تھیں اس کی تصویریں، گھر کے اندر جو چیزیں آتی ہیں ان کی تصویریں تو نہیں کھینچتے جو گھر سے باہر جاتی ہیں ان کی تصویریں کھینچنی چاہئیں، انعام خان. نہیں میں نے تو نہیں کہا تھا، بشریٰ بی بی. میرے پاس جو چیزیں آرہی ہیں ان کی کیوں تصویریں کھینچی جا رہی ہیں، انعام خان. جی مجھے نہیں معلوم میں نے نہیں کہا تھا بی بی، بشریٰ بی بی. منگائے انعام خان نے اور میں نے اس کو بھیج دی ہیں، انعام خان. جی جی نہیں، بشریٰ بی بی. ایک منٹ آپ ہولڈ کریں... آپ نے انعام کو بھیجی ہیں تصویریں... ایک خاتون کی آواز آتی ہے وہ کہہ رہے ہیں مجھے تو نہیں بھیجیں، انعام خان. دیکھی ہیں نہیں انہوں نے بھیجی ہیں تصویریں لیکن میں نے نہیں کہا، بشریٰ بی بی. گھر میں ملازم سے پوچھتے ہوئے کیا کیا؟ کس نے کہا تھا تصویریں کھینچیں، کس نے کیوں، کون، کیا ثبوت، گھر کے اندر آنے والی کسی چیز کی تصویر نہیں کھینچتے کیونکہ وہ میرے پاس آرہی ہیں، گھر کے اندر جو چیز آر ہی ہے اس کی کون تصویر کھینچتا ہے، گھر سے جو باہر جا رہی ہو اس کی تصویر کھینچتے ہیں، کس چیز کا پروف، آپ کو کیا ضرورت ہے پروف کرنے کی، آپ نے میرے سے پوچھا ہے؟۔ آپ نے مجھ سے پوچھا ہے، سوری جی کا کیا مطلب ہے، آپ لوگوں نے تماشہ بنایا ہوا ہے اس گھر کو، وہ ایم ایس ہم پر ٹرسٹ کرکے بھیج رہا ہے، اس نے تصویریں نہیں کھینچیں، آپ کون ہوتے ہیں تصویریں کھینچنے والے، اور تمہیں کیوں بھیجی ہیں اس نے تصویریں؟، انعام خان. بی بی مجھے نہیں تصویریں، یہ یہ چیزیں آئی ہیں ہم اندر دے رہی ہیں میں نے کہا ٹھیک ہے اندر دے دو بی بی جانیں اوران کا کام جانے ، بشریٰ بی بی. یہ کیا تم لوگوں کا تک ہے، انعام خان. بی بی ہم نے کیا کرنا ہے ان تصویروں کا، بشریٰ بی بی. نہیں کیا کرنا ہے،کیا کرنا ہے آئندہ تم نے اندر نہیں آنا گھر کے، یہ تصویریں لے کر وہیں رہو، وہاں رہو جہاں تم بیٹھے ہو۔ انعام خان. جی۔ جبکہ سابق نگران بنی گالہ انعام خان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میری ہی آڈیو ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ میں نے ہی بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ سے متعلق گفتگو کی۔ توشہ خانہ سے جو بھی چیز آتی تھی اس کا ریکارڈ رکھتے تھے تاکہ ہم پر کوئی بات نہ آئے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے بشریٰ بی بی کی آڈیو پر ردعمل میں کہا ہے کہ آڈیو کاپی پیسٹ ہے۔ مختلف آڈیوز کو جوڑ کر ایک بنا دیتے ہیں۔ ملازمین کے ساتھ ہونے والی آڈیو کا کوئی سر پیر نہیں۔ آڈیوز کوئی مستند نہیں، جتنی آڈیوز اس وقت آ رہی ہیں وہ سب کٹ پیسٹ کر کے ٹوٹے جوڑے گئے ہیں۔ جو سمجھتے ہیں ان آڈیوز سے عمران خان کو نقصان ہو گا وہ خیالوں کی دنیا سے باہر آ جائیں۔ مضحکہ خیز سکینڈل سامنے لائے جا رہے ہیں۔ کسی کو بیک گراؤنڈ نہیں معلوم۔