ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم‘صنعتی پیداوار 8 فیصد تک گر گئی: ادارہ شماریات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 0.40 فیصد کم ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 29.42 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 30.66 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے میں مرغی کی قیمت میں 5.89 فیصد اضافہ ہوا، پیاز کی قیمت میں 4.45 فیصد اضافہ رپورٹ ہوا۔ آٹے کی قیمت میں 2.17 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول 2.04 فیصد مہنگا ہوا، چینی 1.31، نمک 1.08 اور واشنگ سوپ 2.30 فیصد مہنگا ہوا۔ آگ جلانے والی لکڑی 1.27 فیصد مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 28.71، آلو 16.63 اور انڈے 2.64 فیصد سستے ہوئے، ویجیٹبل گھی کا ایک کلو کا ڈبہ 0.9 اور 2.5 کلو کا ڈبہ 0.65 فیصد سستا ہوا۔ دال مسور 0.61، دال ماش 0.44 اور دال چنا 0.22 فیصد سستی ہوئی، کوکنگ آئل کے 5 کلوکے ڈبے کی قیمت میں 0.32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں 4 ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.89 فیصد کمی آئی جبکہ اکتوبر میں 8 فیصد تک گر گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات نے لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی پیداوار سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 2.89 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں لارج سکیل مینو فیکچرنگ پونے 8 فیصد تک گر گئی، جبکہ چار ماہ کے دوران گاڑیوں کی پیداوار میں 31 فیصد سے زیادہ کمی آئی۔